ویب ڈیسک:وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا پاکستانی ڈرامے دنیا بھر میں پسند کئے جاتے ہیں لیکن پھر بھی عالمی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے غائب ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے گزشتہ روز کراچی میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ممتاز پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کے ساتھ ملاقات کی ، ملاقات میں ڈرامہ اور فلم کی قومی صنعت کی عالمی معیار کے مطابق بحالی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
انہوں نے نیٹ فلکس اور ایمیزون جیسے بڑے بین الاقوامی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر پاکستانی ڈراموں اور فلموں کو دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈرامے دنیا بھر میں پسند کئے جاتے ہیں لیکن پھر بھی عالمی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے غائب ہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ ملک میں معاشی ترقی کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور اس سلسلے میں فلم اور ڈرامہ انڈسٹری سمیت تمام شعبے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری جمود کا شکار ہے، ہر سال صرف چند فلمیں ریلیز ہوتی ہیں، فلم ساز نئی کہانیوں کو تلاش اور پرانے اور دہرائے جانے والے موضوعات سے گریز کریں اور بین الاقوامی فورمز میں شامل ہو کر ملک کیلئے مواد تیار کرکے ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کریں۔
احسن اقبال نے کہا کہ فلم اور ڈراموں سے وابستہ لوگ ملک کے ثقافتی نمائندے ہیں،ان کا ملک کے عالمی امیج کو بہتر بنانے میں اہم کردار ہے۔
انہوں نے ملک کے اقتصادی استحکام کیلئے برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئےکہا کہ حکومتی سطح پر پالیسیوں کی بدولت کھیلوں، ڈراموں اور فلم انڈسٹری نے نمایاں ترقی کی ہے۔
اس موقع ڈائریکٹر ندیم بیگ، پروڈیوسر ستیش آنند اور اداکارہ حنا خواجہ بیات بھی موجود تھے۔