بارشوں کا موسم،گھر میں موجود مصالحوں سے بیماریوں کا علاج کیسے ممکن؟

فوری آرام پانے کے لیے ان مصالحوں کا استعمال لازمی کرنا چاہیے

۳۰-جولائی-۲۰۲۵
Rainy season, how is it possible to treat diseases with hot spices at home?

ویب ڈیسک :بارشوں کے موسم میں بہت سی بیماریاں پھیلتی ہیں، بیماریوں میں اسہال، ٹائیفائیڈ، ہیپاٹائٹس اے اور بخارعام ہیں جن کا علاج فوری طورپر کرنا چاہیے۔

برسات کے موسم میں بہت سے کیڑے مکوڑےبھی نکلتے ہیں،اگر شہری بارش میں نہ بھی بھیگیں تب بھی ان کیڑے مکوڑوں کی وجہ سے بیمار ہو جاتے ہیں،اس موسم میں گندےپانی اور باہر کے کھانا کھانے سے بہت سے جرا ثیم پھیلتے ہیں جو کہ بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔ 

ماہرین کے مطابق ان بیماریوں کا علاج گھر میں موجود گرم  مصالحوں سے کیا جا سکتا ہے ، فوری آرام پانے کے لیے ان  مصالحوں کا استعمال لازمی کرنا چاہیے جن میں ادرک، ہلدی، دارچینی ،کالی مرچ اور لونگ شامل ہیں۔

ادرک

ادرک قدرتی طور پر اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی وائرل خصوصیات رکھتاہے،یہ برسات میں ہونے والی گلے کی خراش، کھانسی، نزلہ اور ہاضمے کی خرابی میں مفید ہے،یہ پیٹ میں گیس، اپھارہ اور متلی میں آرام دیتا ہے۔

ہلدی

ہلدی ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی سیپٹک ہے،یہ برسات میں جلدی بیماریوں، الرجی اور سوجن سے بچاتی ہے،قوتِ مدافعت کو مضبوط بناتی ہے،اسے دودھ میں ملا کر ’’ہلدی دودھ‘‘ کے طور پر پینا چاہئے، یہ انسانی جسم کو گرمائش بھی دیتا ہے اور طاقتور بھی بناتا ہے۔

دار چینی

دار چینی جسم کو گرمی دینے کا کام کرتی ہے اور ٹھنڈے ماحول میں جسمانی حرارت برقرار رکھتی ہے،موسم برسات میں وائرل بخار اور زکام کے خلاف مؤثر ہے،دار چینی بلڈپریشراور شوگر کو بھی متوازن رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

کالی مرچ

برسات کے موسم میں کالی مرچ بلغم باہر نکالنے میں مدد دیتی ہے،سردی لگنے، زکام یا سینے میں جکڑن کے لیے فائدہ مند ہے،کھانا ہضم کرنے میں بھی مدد دیتی ہے اور بھوک کوبڑھاتی ہے،اسے چائے یا قہوے میں شامل کرنا بھی بہت فائدہ مند ہے۔

لونگ

لونگ میں طاقتور جراثیم کو ختم کرنے کی خصوصیات موجود ہوتی ہیں،یہ کھانسی، گلے کی سوزش اور دانت میں درد بھی ختم کرنے کے کام آتی ہے،برسات کے موسم میں پیٹ کے کیڑوں اور انفیکشن سےبھی بچاتی ہے،چائے میں دو عدد لونگ ڈالنا بے حدمفید ہے۔