ایک نیوز:پاک فوج اور خیبرپختونخوا پولیس نے ضلع بنوں کے علاقے ہوید میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر خوارج کیخلاف ایک مؤثر اور کامیاب سرچ و ٹارگیٹڈ آپریشن مکمل کر لیا، یہ کارروائی علاقے میں دہشتگرد عناصر کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کیلئے کی گئی تھی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن انٹیلیجنس رپورٹس کی روشنی میں منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، جس میں پاک فوج اور پولیس نے مشترکہ طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر مشتبہ مقامات پر تلاشی لی، کارروائی کے دوران کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لےلیاگیاہےجن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
آپریشن کے دوران خوارج کے 2مقامی سہولت کاروں کے گھروں کو بھی مسمار کر دیا گیا، جنہیں دہشتگردوں کو پناہ دینے اور معاونت فراہم کرنے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔
مقامی افراد نے سکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے علاقے میں دیرپا امن کیلئے اہم قدم قرار دیا اور فورسز سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
پاک فوج اور پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کیلئے اس نوعیت کے آپریشنز جاری رہیں گے،سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ہر قیمت پر امن کا قیام یقینی بنائیں گے۔