ماریہ بی کا دعویٰ،لاہور میں فحش اور شیطانی تقریب کا پردہ چاک،ویڈیو وائرل

والدین کو  اپنی اولاد کی سرگرمیوں پر توجہ دینے کی بھی تلقین کی

۱۶-اگست-۲۰۲۵

ویب ڈیسک:معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے لاہور میں حال ہی میں منعقد ہونے والے ایک متنازعہ پروگرام پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

  ماریہ بی نے دعویٰ کیا کہ لاہور میں منعقد پروگرام میں ایسے افعال کیے گئے ہیں جو نہ صرف غیر اخلاقی بلکہ مذہبی اور سماجی اقدار کی بھی نفی کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ پروگرام رواں ماہ میں لاہور میں منعقد ہوا ،اس شو کی ویڈیوز ماریہ بی کو وہاں موجود بچوں نے بھیجیں تھیں،اس تقریب میں مختلف افراد نے غیر معمولی لباس زیب تن کرکے پرفارمنس دی، جنہیں انہوں نے کھلی فحاشی اور شیطانی طرز عمل قرار دیا۔

ماریہ بی کے مطابق اس پروگرام کی اجازت مقامی انتظامیہ نے دی تھی،جہاں بعض مرد فنکاروں نے خواتین کا روپ دھارکر ڈریگ آرٹ پیش کیا،تقریب میں نشانات اور علامتیں ایسی استعمال ہوئیں کہ جنہیں شیطانی قرار دیا جا سکتا ہےجیسے کہ الٹی اردو تحریریں اور چہروں پر بنائی گئی تیسری آنکھ کو  جسے انہوں نے دجال سے بھی تشبیہ دی۔

فیشن ڈزائنر  نے حکومت پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگراموں کو فن اور آرٹ کے نام پر فروغ دیا جا رہا ہے جو دراصل ہم جنس پرستی اور غیر اسلامی اقدار کو عام کرنے کی کوشش ہے، اس طرح کے پروگراموں کی اجازت دینا نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔

ماریہ بی نے اس  پروگرام کو مدِ نظر رکھتے فلم ’’جوئے لینڈ ‘‘کی مثال بھی دی، جس پر اسی نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے تھے لیکن اسے پھر بھی  پنجاب میں نمائش کی اجازت مل گئی،برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دراصل بیرونی دباؤ پر ایسے اقدامات کر رہی ہے جو پاکستانی معاشرے اور خاندانوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔

ماریہ بی نے والدین کو  اپنی اولاد کی سرگرمیوں پر توجہ دینے کی بھی تلقین کی اور کہا کہ ایسے پروگراموں سے باخبر رہیں تاکہ وہ مغربی رنگ نہ پکڑیں۔

 انہوں نے پُرجوش ہوتے ہوئے کہا کہ میں آئندہ بھی اس موضوع پر آواز آٹھاتی رہوں گی،جبکہ میں معاشرتی اقدار کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھوں گی۔