موبائل فون  کے ڈائلر تبدیل ہونے کی اہم وجہ سامنے آگئی!

نئی تبدیلی کے بعد اب صرف ’’ہوم‘ ‘اور ’’کی پیڈ‘ ‘یعنی ڈائلر کی آپشنز نظر آتی ہیں

۲۳-اگست-۲۰۲۵

ویب ڈیسک:حال ہی میں پاکستان سمیت بھارت کے اینڈرائیڈ صارفین نے بھی اپنے سمارٹ فون کی کال سیٹنگز میں اچانک اور خودبخود سامنے آنے والی تبدیلی محسوس کی، اس تبدیلی کے بعد اینڈرائیڈ صارفین کے موبائلز میں کال کرتے یا کال موصول ہونے پر فون کا انٹر فیس ہی تبدیل ہوگیا۔

اس تبدیلی کو سوشل میڈیا پر متعدد اینڈرائیڈ صارفین نے کہیں ہیکنگ قرار دیتے ہوئے شکوک وشبہات کاا ظہار کیا تو کہیں کچھ صارفین اسے اینڈرائیڈ اپ ڈیٹ  قرار دے کر مطمئن نظر آئے۔

نئی تبدیلی کے تحت اب آپ اپنے اینڈرائیڈ فون  کو کھولنے پر گوگل کی جانب سے’’ریسنٹ‘‘یعنی حال ہی میں کی جانے والی کالز یا ’’فیورٹس‘‘ کی آپشنز کو حذف ہوا دیکھتے ہیں، گوگل نے ان آپشنز کو حذف  کرکے ’’ہوم‘‘ میں ضم کر دیا ہے، نئی تبدیلی کے بعد اب صرف ’’ہوم‘ ‘اور ’’کی پیڈ‘ ‘یعنی ڈائلر کی آپشنز نظر آتی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ سمارٹ فون کا سافٹ ویئر  بنانے اور اپڈیٹ کرنیوالی کمپنی گوگل نے مئی میں ہی اس تبدیلی کے حوالے سے اعلان کیا تھا۔

 گوگل کی جانب سے کیے گئے اعلان میں بتایا گیا تھا کہ کمپنی ’مٹیریل تھری ایکسپریسیو‘ نامی سب سے بڑی اپ ڈیٹس پر کام کررہی ہے،  اس اپ ڈیٹ کے ذریعے فون کے سافٹ ویئر  اور ڈسپلے کو  زیادہ سادہ، آسان، تیز اور معلوماتی بنایا جائے گا۔

اس تبدیلی کے بعد ڈسپلے سیٹنگز میں کئی چیزیں مثلاً نوٹیفکیشنز، کلر تھیمز، فوٹوز، جی میل اور واچ وغیرہ بھی تبدیل ہوجائیں گی۔

 گوگل کے مطابق  اس تبدیلی  کا مقصد کال ایپ کو آسان بنانا ہے، اس اپ ڈیٹ سےقبل اینڈرائیڈ فونز کا ڈسپلے ’’مٹیریل یو‘ ‘کے ڈیزائن پر چل رہا تھا۔