کوئٹہ : سریاب روڈ پر دھماکے میں15افراد جاں بحق 

شاہوانی سٹیڈیم کے قریب دھماکا بظاہرخودکش لگتا ہے

۰۳-ستمبر-۲۰۲۵
Quetta: 15 people killed in explosion on Sariab Road

ایک نیوز:کوئٹہ میں سریاب روڈ پر دھماکےمیں15 افراد جاں بحق ہوگئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سریاب روڈ شاہوانی اسٹیڈیم کے سامنے  خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے  جس میں قتل،  اقدام قتل اور انسداددہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں جب کہ مقدمے میں نامعلوم افرادکو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سریاب روڈ پر شاہوانی سٹیڈیم کے قریب دھماکا ہوا،ہسپتال کےمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ہادی کاکڑ کا کہنا تھاکہ سریاب روڈ د ھماکے میں 15 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سول سپتال میں 5 زخمیوں کی حالت نازک ہے،ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ  شاہوانی سٹیڈیم کے قریب دھماکا بظاہرخودکش لگتا ہے اور دھماکے کے مقام سے شواہد اکھٹے کیےجا ر ہے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شاہوانی سٹیڈیم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دھماکہ انسانیت دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی ہے،شرپسند عناصر معصوم شہریوں کے خون سے کھیل رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جانب سے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ 

 وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا،زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملہ الرٹ رہے، زخمیوں کے علاج میں کوئی کوتاہی نہ ہو،تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، واقعہ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔