آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ جاری کر دی

شاہین آفریدی 8 درجے بہتری کے بعد 26 ویں نمبر پر براجمان ہیں

۰۳-ستمبر-۲۰۲۵
ICC releases rankings for T20 and ODI players

ایک نیوز:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ جاری کر دی۔

بھارت کے ابھیشک شرما کی ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار ہے،رینکنگ میں بابر اعظم کی3درجے اور محمد رضوان کی2درجے تنزلی ہوئی ہے دونوں بالترتیب21ویں اور22ویں نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کے حسن نواز2درجے بہتری کے بعد 32ویں نمبر پر آگئے اور صائم ایوب 2 درجے تنزلی کے بعد 40ویں نمبر پر چلے گئے ہیں،ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے لمبی چھلانگ لگائی ہے وہ 18درجے بہتری کے بعد 59 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ پاکستان کے صفیان مقیم 11 درجے لمبی چھلانگ کے بعد 22ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

شاہین آفریدی 8 درجے بہتری کے بعد 26 ویں نمبر پر براجمان ہیں جبکہ حارث رؤف 4 درجے تنزلی کے بعد 28ویں نمبر پر چلے گئے ہیں اور محمد نواز 15 درجے کی بہتری کے بعد 43ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

ٹی ٹونٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے،افغانستان کے محمد نبی ایک درجہ بہتری کے بعد دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے۔

صائم ایوب 9 درجہ بہتری کے بعد 14ویں نمبر پر آگئے اور افغانستان کے راشد خان 3 درجہ بہتری کے بعد 16ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ پاکستان کے محمد نواز 14 درجے بہتری کے بعد 21ویں نمبر پر براجمان ہیں۔

آئی سی سی ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل کی پہلی پوزیشن برقرار ہے،ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج کی پہلی پوزیشن برقرار ہے،زمبابوے کے سکندر رضا ون ڈے کرکٹ کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔ 

ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ میں سکندر رضا 2 درجے بہتری کے بعد نمبر 1 پوزیشن پر آگئے ہیں، افغا نستان کے عظمت اللّٰہ عمرزئی ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے اور افغانستان کے محمد نبی ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے۔