عالمی بینک پاکستان کو رواں مالی سال 2 ارب ڈالر سے زائد قرض دے گا

عالمی بینک پاکستان کو مزید فنڈز  بھی فراہم کرے گا

۰۳-ستمبر-۲۰۲۵

ویب دیسک:عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو رواں مالی سال مختلف منصوبوں کے لیے 2 ارب ڈالر سے زائد کا  قرض دیا جائے گا۔

اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو یہ قرض انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن اور انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن کے ذریعے دیا جائے گا۔

دستاویز  کے مطابق پاکستان میں57 مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جو کہ عالمی بینک کی فنڈنگ کے ذریعے کیا جا رہا  ہے اور ان منصوبوں کی مجموعی قیمت 16.6 ارب ڈالر ہے،منصوبوں کا تعلق زراعت،پانی،توانائی،فنانس،ریونیو،مواصلات،دیہی و شہری ترقی،ہیومین کیپٹل،سوشل سروسز اور گورننس سے ہے۔

عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو  گزشتہ7 سال میں 11 ارب 84 کروڑ ڈالر فراہم کیا جا چکا ہے،ان فنڈز میں  سب سے زیادہ 1.96 ارب ڈالر توانائی کے شعبے کے لیے دیئے گئے  تھے جبکہ مالی سال 25-2024ء میں 1 ارب 80 کروڑ ڈالر قرضہ دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ عالمی بینک آنے والے سالوں  میں پاکستان کو مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے مزید فنڈز  بھی فراہم کرے گا۔