صدر مملکت کا گورنر پنجاب سے ٹیلیفونک رابطہ ،سیلابی صورتحال بارے بریفنگ لی

دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا

۰۳-ستمبر-۲۰۲۵

ایک نیوز:صدرمملکت آصف علی زرداری  اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان  کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دوران گفتگو صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر سے صوبے میں سیلاب کی صورت حال پر بات چیت کی۔

صدر آصف علی زرداری کو پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر نے صوبے میں سیلاب کی صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی۔

گورنر پنجاب نے  صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایاکہ دوردراز علاقوں کے عوام تک پہنچ کر انہیں بتارہے ہیں کہ اس کڑے وقت میں ہم ان کے ساتھ ہیں، پاکستان ہلال احمر کی خدمات کا دائرہ لاہور، حافظ آباد، قصور، مظفرگڑھ، راجن پور، نارووال اور منڈی بہاؤالدین سمیت تقریبا صوبے بھر میں پھیلادیا ہے، پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہلال احمر کے امدادی کیمپوں کو لگادیا گیا ہے، کرتار پور میں واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر صدرمملکت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے، بپھرے دریا اور بے موسم بارشیں خطے میں غذائی بحران کا ایک بڑا خطرہ بن چکی ہیں، پاکستان کا ماحولیاتی تباہی میں کوئی کردار نہیں مگر ہماری قوم اس کی بھاری قیمت ادا کررہی ہے، دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔