پاک فوج کا کامیاب آپریشن،ہتھیار ڈالنے والے خارجی کا تہلکہ خیز اعترافی بیان

طالبان کہتے تھے کہ فوج منافق ہے

۱۲-ستمبر-۲۰۲۵

ایک نیوز:پاک فوج کے آپریشن میں فتنۂ الخوارج کے ہتھیار ڈالنے والے خارجی عبدالصمد نے تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خارجی کے اعترافی بیان میں اس نے کہا کہ ’’میں نے تقریباً ساڑھے چار سال افغانستان میں گزارے ہیں اور وہاں میں نے کلاشنکوف چلانے کی ٹریننگ بھی حاصل کی ہے"، اس کے بعد میں منظر ہیل جا پہنچا۔

اس نے بیان میں بتایا کہ جہاں وہ گل بہادر گروپ کے کمانڈر صادق سے ملا اور تین ماہ وہاں گزارے،ازاں زنگوٹی خرسین آیا جہاں حافظ گل بہادر گروپ کے کمانڈر اسد سے ملاقات ہوئی اور اسکے گروپ میں شامل ہو گیا۔

خارجی عبدالصمد کا کہنا تھا کہ  زنگوٹی کی مینار والی مسجد میں اسد فوج کو مرتد کہہ کر آئی ڈیز ،مائنز اور ڈرون بم بنواتا تھا،مسجد میں آئی ڈیز اور مائنز بناتے وقت گندی ویڈیوز چلتی رہیں،اسد ملا مسجد میں گانے چلاتا تھا اور غلط کاموں کے لیے اس نے اپنے ساتھ دو بچے رکھے ہوئے تھے۔

خارجی نے بتایا کہ اسد ملا کہتا فوج مرتد ہے اور ہمیں مائنز دے کر ہدایت کرتا کہ یہ فوج کے خلاف استعمال کرو،جب میں نے ان کے کام دیکھے تو مجھے لگا کہ یہ کافروں سے بھی بدتر ہیں،فتنۂ الخوارج کے دہشت گرد قرآن کی بےحرمتی، بچوں سے زیادتی اور مساجد کی توہین کرتے ہیں۔

خارجی عبدالصمد نے فوج کو اپنا بیان دیتے کہا کہ جب میں نے ان کو چھوڑنے کا ارادہ کیا تو اسی دوران فوج نے چھاپہ مارا،یہ لوگ وہاں سے بھاگ گئے،بھاگنے سے پہلے اسد ملا نے ہم سب سے موبائل فون اور شناختی کارڈ جمع کیا،موبائل فارمیٹ کر دئیے لیکن شناختی کارڈ اپنے ساتھ لے گیا۔

*خارجی کے مطابق زنگوٹی کی مساجد ان کا مرکز تھیں،دین اکبر، مرزا خان اور لاود خیل مساجد میں 10، 10 بندے موجود تھے،مینار والی مسجد میں کمانڈر اسد ملا کے ساتھ 15 بندے موجود تھے اور گاؤں کی جتنی بھی مساجد تھیں،ان سب کا وہ کمانڈر تھا،میں نے 5 سال طالبان کے ساتھ اور صرف 5 دن فوج کے ساتھ گزارے ہیں۔

خارجی نے کہا کہ  میں گواہی دیتا ہوں کہ فوج درست اور طالبان غلط ہیں،طالبان کہتے تھے کہ فوج منافق ہے لیکن جب میں نے فوج کا رویہ دیکھا تو حقیقت یہ سامنے آئی کہ طالبان ہی منافق ہیں، طالبان بچوں کے ساتھ زیادتی کرتے تھے، مساجد کا احترام نہیں کرتے تھے اور قرآن کی بے حرمتی کرتے تھے۔

 خارجی عبدالصمد نے بتایا کہ میرا عوام کو پیغام ہے کہ اپنے بچوں کو ان لوگوں سے دور رکھیں اور فوج کے ساتھ تعاون کریں،۔

واضح رہے کہ خارجی صمد کے اعترافات نے اسلام کے نام پر فساد پھیلانے والے خوارج کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے،اسلام کے نام پر فساد پھیلانے والے خوارج کے خلاف فیصلہ کن وار کا وقت آچکا ہے۔