آئی سی سی نے پاکستان کا مطالبہ مسترد کرکے بورڈ کو آگاہ کردیا

پاکستان کے میچز سے پائیکرافٹ کو ہٹایا جا سکتا ہے

۱۶-ستمبر-۲۰۲۵
ICC rejects Pakistan's demand and informs the board

ویب ڈیسک:آئی سی سی نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کے پاکستان کے مطالبے کو مسترد کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایشیاکپ سے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ مسترد کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کو آگاہ کیا جا چکا ہے، مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے پی سی بی کا حکومت سے مشاورت کا امکان ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اسلام آباد آئیں گے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اہم حکومتی عہدیداران سے آج مشاورت کریں گے۔

 دوسری جانب کہا جا رہا ہے کہ ایشیا کپ کے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کی بجائے پا کستان کے تحفظات دور کرنے کیلئے ایشین کرکٹ کونسل معاملے کو سلجھانے کیلئے درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ میں کل پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ کھیلا جائیگا 

اہم تجویز یہ ہے کہ پورے ٹورنامنٹ کے بجائے صرف پاکستان کے میچز سے پائیکرافٹ کو ہٹایا جا سکتا ہے اور پاکستان کے میچز میں پائیکرافٹ کی جگہ رچی رچرڈسن کو لگایا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں اپنائے جانے والے رویے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے میچ ریفری تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

ایشیاکپ کے حوالے سے پی سی بی جلد فیصلہ کرے گا، اگلے چند گھنٹوں میں پی سی بی ایشیا کپ کے بارے میں اپنا موقف دے گا۔

ذرائع کے مطابق دبئی میں ٹیم انتظامیہ میچ ریفری کے حوالے سے آئی سی سی کے فیصلے سے لاعلم ہیں ،اگر پاکستان کا مطالبہ نہ مانا گیا تو ٹیم ایشیا کپ سے دستبردار ہوجائے گی، پی سی بی کے تمام افسران رات دبئی سے لاہور پہنچ چکے ہیں سلمان نصیر اور عثمان واہلہ لاہور پہنچ گئے ہیں۔