ویب ڈیسک:وزیراعظم محمد شہبازشریف کو ملائیشیا کے وزیراعظم داتوسری انور ابراہیم نے ٹیلیفون رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلی فونک رابطےکے دوران وزیراعظم محمد شہبازشریف نے حالیہ دورہ کوالالمپور کے دوران ملائیشیا کی قیادت اور عوام کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دورے میں طے پانے والے سمجھوتوں بالخصوص حلال گوشت کی برآمد اور دیگر باہمی مفاد کے شعبوں سے متعلق معاملات پر مثبت پیشرفت سے پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو نئی جہت ملی ہے،دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم کو شرم الشیخ میں ہونے والے غزہ امن معاہدے کے دستخط کی تقریب میں اپنی شرکت کے بارے میں آگاہ کیا، دونوں رہنماؤں نے امن کی کوشش کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظہار کی کہ یہ اقدام فلسطین کے عوام کی تکالیف کے فوری خاتمے ، غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام میں مددگار ثابت ہو گا۔
محمد شہباز شریف نے وزیراعظم انور ابراہیم کو پاکستان ، افغانستان سرحدی صورتحال سے بھی آگاہ کیا ،انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان، افغانستان میں امن و استحکام کاخواہاں ہے تاہم پاکستان کو افغان سرزمین سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کا سامنا ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ افغان حکام موثر اقدامات کریں اور ان دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کریں جو افغان سرزمین سے پاکستان کے اندر حملے کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان نے افغان حکام کی درخواست پر دوحہ میں مذاکرات کیلئے عارضی جنگ پر رضا مندی ظاہر کی تھی ۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے تمام دہشت گرد گروہوں بشمول فتنہ الخوارج ، فتنہ الہندوستان ،ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کیخلاف عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سرحدی علاقوں میں امن و استحکام بحال کیا جا سکے۔
وزیراعظم انور ابراہیم نے ان حالات پر تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کی بحالی میں تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ، دونوں رہنماؤں نے ر ابطے میں ر ہنے پر اتفاق کیا۔