ویب ڈیسک:سینئر سیاستدان فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں 27ویں آئینی ترمیم پر بات ہوئی ہے، جس پر انہوں نے کہاکہ میں جائزہ لینے کے بعد کوئی فیصلہ کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ جے یو آئی سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہاکہ مجھے 27ویں آئینی ترمیم منظور ہوتی نظر آرہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان پہلے مجوزہ ترامیم کو دیکھیں گے اور سمجھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ان سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، وہ بڑے مضبوط سیاستدان ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ آپ 27ویں آئینی ترمیم کیلئے بے تاب ہو رہے ہیں، میں تو 28ویں ترمیم کی تیاری کررہا ہوں۔
فیصل واوڈا نے کہاکہ آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے نمبر زیادہ ہی ہیں، لیکن مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نمبرز کی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہاکہ اٹھارویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کی خبریں درست نہیں، جو بھی ہوگا اتفاق رائے سے ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کا پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ہے، اور ملک کی بقا کے لیے ہمیں ان کا ساتھ چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اگر اچھی سیاست کرتی ہے تو اس معاملے پر ان سے بھی مشاورت ہونی چاہیے، لیکن اگر منفی سیاست کریں گے تو پھر پھینٹا لگے گا۔
فیصل واوڈا نے کہاکہ سہیل آفریدی نوجوان وزیراعلیٰ ہیں، ہم ان کا خیرمقدم کرتے ہیں، لیکن اگر کوئی اسلام آباد میں آکر احتجاج کرے گا تو پارٹی پر پابندی کے ساتھ ساتھ صوبے میں گورنر راج کا آپشن بھی موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں اپنی افواج کو انرجی دینے کی ضرورت ہے، سائبر جنگ، بیانیے کی جنگ اورمعیشت کی جنگ بھی ہوتی ہے، افواج مضبوط ہوں گی تو ملک کا دفاع مضبوط ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ملکی دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے جو ترامیم چاہیے ہوں گی وہ ہو جائیں گی۔