ایک نیوز:سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان اور سینیٹر فیصل واوڈا کے درمیاں ملاقات تقریباً 40 منٹس سے جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال کیساتھ 27 ویں آئینی ترمیم زیر غور آئی، ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کو 27 ویں ترمیم سے متعلق فیصل واوڈا نے مفصل بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا نے بریفنگ میں بتایا کہ ملک میں جمہوریت اور پارلیمانی امور میں آپ کا ہمیشہ جاندار اور اہم کردار رہا، امید ہے اس مرتبہ بھی آپ اسی انداز سے کردار ادا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مولانافضل الرحمان نے کہاکہ ابھی تک ہم نے اس حوالے سے میڈیا سے ہی خبریں سنیں، سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آیا، جے یو آئی ایک سیاسی پارلیمانی جماعت کیساتھ ایک بھرپور سیاسی قوت ہے، ہم آئین کے محافظین ہیں، آئینی ترمیم کا مسودہ پہلے سامنے آنا چاہئے، جب تک آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے نہیں آتا اس وقت اس پر رائے کیسے دی جاسکتی ہے ، اس معاملے پر مسودہ دیکھنے کے بعد جے یو آئی پارلیمانی پارٹی، لیگل ٹیم اور شوری کو بھی اعتماد میں لیں گے، اس معاملے پر جلد بازی کی بجائے تمام چیزوں کا جائزہ لیا جائیگا، آئینی ترمیم میں کیا تجاویز ہیں وہ دیکھیں گے۔
مولانا نے کہاکہ آپ ہمارے پاس تشریف لائے ئے، آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں،آئینی ترمیم کے اپنے کچھ تقاضے اور اصول ہیں، مشاورت کے بعد جس نتیجے پر پہنچے ضرور اس پر رائے دی جائیگی۔