ویب ڈیسک:پنجاب حکومت نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئےاہم اقدام اٹھاتے ہوئے گاڑیو ں کے ایمی شن ٹیسٹ کی فیس مقرر کر دی ہے جوآج 10نومبر2025سے صوبے بھر میں نافذالعمل ہوگی۔
محکمہ تحفظِ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کیجانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مختلف انجن کیپسٹی والی گاڑیوں کے لیے الگ الگ فیسیں مقرر کی گئی ہیں۔
محکمے کے مطابق 1,000cc تک کی گاڑیوں کے لیے فیس 500 روپے، 1,001cc سے 1,500cc تک کی گاڑیوں کے لیے 800 روپے جبکہ 1,501cc سے 2,500cc تک کے انجن والی گاڑیوں کے لیے 1,000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح 2,501cc سے 4,500cc تک کی گاڑیوں کے مالکان کو 1,500 روپے اور 4,500cc سے زائد انجن کیپسٹی رکھنے والی گاڑیوں کے لیے 2,000 روپے فیس ادا کرنا ہوگی۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق یہ فیس صرف ای پے سسٹم کے ذریعے جمع کروائی جا سکے گی جسکے بعد صارف کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر ادائیگی کا تصدیقی ایس ایم ایس بھی موصول ہوگا۔
موٹر سوار حضرات ٹیسٹ کے وقت اپنا قومی شناختی کارڈ لازمی ساتھ لائیں۔