دہشت گردوں کے کسی بھی گروپ سے مذاکرات نہیں کریں گے:پاکستان

دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والوں کیلئے کوئی نرم گوشہ نہیں ہونا چاہئے

14 November 2025

ویب ڈیسک:دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے کسی بھی گروپ سے مذاکرات نہیں کرے گا، افغان رجیم کی باتیں کھوکھلے دعوؤں کے علاوہ کچھ نہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کی حکومت آنے کے بعد سے دہشتگردی میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا، پاکستان میں سرگرم دہشتگرد افغان گروپوں پر مشتمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والوں کیلئے کوئی نرم گوشہ نہیں ہونا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان سے مذاکرات ہوئے، افغان طالبان سے مذاکرات کے معاملے میں دوست ممالک کی کاشوں کو سراہتے ہیں مگر ہم واضح کر دیں کہ دہشتگردوں کے کسی گروپ سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان رجیم کی باتیں کھوکھلے دعوؤں کے علاوہ کچھ نہیں،افغان رجیم اپنی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے،امید ہے افغان طالبان اپنے ہاں موجود ٹی ٹی پی کیخلاف  کارروائی کریں گے،پاکستان تمام مسائل بات چیت سے حل کرنا چاہتا ہے۔

طاہر حسین اندرابی کا مزید کہنا تھا کہ اردن کے بادشاہ پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے، اعلیٰ سطح دورہ برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے،دورے سے پاکستان اردن تعلقات کی سٹریٹیجک سمت مزید مضبوط ہوگی، اردن سے تعلقات جامع، وسیع شراکت داری کی جانب گامزن ہوں گے۔

>