ایک نیوز: حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فی لیٹر ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے اضافہ کردیا گیا، ڈیزل کی قیمت 6 روپے اضافے کے بعد 284 روپے 44 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی موجودہ قیمت 265 روپے 45 پیسے فی لیٹر پربرقرار رکھی گئی ہے۔
وفاقی وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی4فیصد کرایے بڑھانے کا اعلان کردیا۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کاکہنا ہے کہ حکومتی اقدامات ہڑتال کرنے پرمجبور کررہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پوری ٹرانسپورٹ برادری مذمت کرتی ہے،حکومت آئے روز پیٹرلیم مصنوعات میں اضافہ کرتی ہے۔
حکومت ٹول ٹیکسز سمیت ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ کر رہی ہے، حکومتی پالیسیاں ہمیں ملک گیر ہڑتال کی طرف لیجانے پر مجبور کر رہی ہیں،حکومتی بے ضابطگیوں کے خلاف جلد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔