ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی

ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 4 اعشاریہ 32 فیصد پر پہنچ گئی

28 November 2025

ایک نیوز:ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح پھر سے بڑھنے لگی ،ایک ہفتے کے دوران شرح میں مزید 0 اعشاریہ 73 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا،ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 4 اعشاریہ 32 فیصد پر پہنچ گئی ،ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 14 اشیاء مہنگی ، 12 کی قیمتیں کم ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق  گزشتہ ہفتے میں بجلی فی یونٹ 60 پیسے مہنگی ہوئی، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 113 روپے 72 پیسے مہنگا ہوا، دال مونگ فی کلو 7 روپے 17 پیسے مہنگی ہوئی،اڑھائی کلو گھی کا ٹن 14 روپے سے زیادہ مہنگا ہوا،جلانے کی لکڑی،چینی،مٹن بھی مہنگی ہونے والی اشیاء شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 54 روپے 11 پیسے سستے ہوئے،پیاز فی کلو 13 روپے 66 پیسے سستے ہوئے، آلو کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 63 پیسے کمی آئی،لہسن،گندم کا آٹا،چکن،دال مسور اور ماش بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق  تازہ دودھ، دہی، بریڈ ،گیس،پیٹرولیم قیمتوں سمیت 25 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

>