پنجاب حکومت نے "پنجاب کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025" جاری کر دیا ہے جس کے تحت پتنگ بازی کو اب ڈپٹی کمشنر کی اجازت سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
نیا آرڈیننس پتنگ بازی کے حوالے سے موجودہ قواعد و ضوابط میں اہم تبدیلیاں متعارف کراتا ہے۔
پنجاب میں پتنگ سازی اور پتنگ فروخت کرنے کے لیے اب رجسٹریشن کرانا ضروری ہوگا، اس کے علاوہ، پتنگ باز تنظیموں کے لیے بھی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، رجسٹریشن کرانے کے بعد پتنگیں بنانے اور فروخت کرنے کے لیے لائسنس حاصل کیا جا سکے گا۔
اس نئے آرڈیننس کے تحت2001کا پتنگ بازی پابندی آرڈیننس مکمل طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے ، سابقہ آرڈیننس کے تحت کیے گئے تمام اقدامات کو درست قرار دیا گیا ہے۔
نئے آرڈیننس میں حکومت اور ڈپٹی کمشنر کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ مخصوص مقامات دنوں اور اوقات میں اور غیر خطرناک مواد کے ساتھ محدود پیمانے پر پتنگ بازی کی اجازت دے سکیں۔
تاہم "غیر خطرناک مواد" کی تعریف آرڈیننس میں واضح نہیں کی گئی، خیال رہے کہ ابھی حکومت نے بسنت منانے کی کوئی تاریخ جاری نہیں کی۔