مالی بدعنوانی ملکی ترقی اور معیشت کی بنیادوں کو کمزور کرتی ہے:وزیراعظم

خوشحال پاکستان کے خواب کی تکمیل میں ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے

09 December 2025
Financial corruption weakens the foundations of national development and economy: Prime Minister

ایک نیوز:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر پیغام میںکہا ہے کہ آج پاکستان اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر اس عزم کی تجدید کرتا ہے اور بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنائیں گے۔

 یہ عالمی دن نوجوانوں کے ساتھ مل کر بدعنوانی کے خلاف ایماندار، باعزت مستقبل کی بنیاد کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے، یہ عنوان ہمہ جہتی اور ہر عمر کی آبادی کی شمولیت سے اس برائی کے خاتمہ کرنیکی  اہمیت کو اجاگر کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا بیش قیمت اثاثہ ہیں اور پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کی ضمانت ہیں،جدید دور میں بدعنوانی کی نوعیت اور طریقہ کار تیزی سے بدل رہی ہیں اس لیے نوجوانوں کی اس کے سد باب میں شمولیت سے اس ناسور کو مؤثر انداز میں ختم کیا جا سکتا ہے، مالی بدعنوانی ملکی ترقی، معاشرتی تنوع اور معیشت کی بنیادوں کو کمزور کرتی ہے اور عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے۔ 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسداد بدعنوانی کاعالمی دن دنیا بھر کے افراد کو یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ وہ بدعنوانی کے مضر معاشرتی اثرات کی حوصلہ شکنی اور بدعنوانی سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کے اپنے عزم کی تجدید کریں،مالی بدعنوانی نہ صرف ملکی انتظامیہ کو کمزور کرتی ہے بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی، معاشرتی انصاف و مساوات، معاشی ترقی اور فلاحی ریاست کے بنیادی اصولوں کو بھی متاثر کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، اس ضمن میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور تمام متعلقہ ادارے بھرپور طریقے سے اور بڑی تندہی سے کارروائی کر رہے ہیں تاکہ انتظامی ، مالیاتی اور ادارہ جاتی سمیت ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔ 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مالی بد عنوانی کے خلاف قانونی کارروائیاں اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے نیب کی کاوشیں لائق تحسین ہیں اور اس تناظر میں نوجوان نسل میں انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھی نیب کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، منظم مالی جرائم کے باعث اپنی رقوم سے محروم ہونے والے شہریوں کی بروقت داد رسی سے بھی نیب پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔ 

عالمی سطح پر بھی پاکستان اس معاشرتی برائی کے خاتمے کیلئے موثر شراکت داری کررہا ہے ، پاکستان اقوام متحدہ کے کنونشن برائے انسداد بدعنوانی کے تحت مختلف ممالک کے ساتھ تعاون اور باہمی قانونی معاونت کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط عالم شراکت داری کا حصہ ہیں، آج انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر آئیے تجدید عہد کریں کہ ہم یکجہتی، مشترکہ مقصد اور شفاف، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کے خواب کی تکمیل میں ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔

>