ہالی ووڈ کے سٹار اداکار ول سمتھ نے بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ سے ہندی فلم میں کردار دینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
میڈیا کے مطابق 57سالہ ول سمتھ نے دبئی میں اپنی نئی سیریز ’پول ٹو پول ویتھ ول سمتھ ‘ کے پریمیئر کے موقع پر گفتگو کی اور بالی ووڈ میں اپنی گہری دلچسپی کا ایک بار پھر اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے بھارتی سنیما کے بڑے ستاروں کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے براہِ راست شاہ رخ خان سے درخواست کی کہ انہیں کسی ہندی فلم میں کاسٹ کیا جائے۔
ہالی ووڈ اداکار نے شاہ رخ کے بالی ووڈ میں بلند مقام کو سراہا، اُن سے اپنی دیرینہ محبت کا اظہار کیا اور مستقبل کے ممکنہ تعاون کی امید ظاہر کی،انہوں نے شاہ رخ خان سے ہندی فلم میں اپنی کاسٹنگ کے بارے میں کہا کہ ’مجھے کسی فلم میں لے لیجئے‘۔
ول سمتھ نے انکشاف کیا کہ ماضی میں ان کی سلمان خان اور امیتابھ بچن سے بات چیت ہوئی تھی، مگر باہمی دلچسپی کے باوجود کوئی منصوبہ عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔