ایف بی آر کی جنوری 2026 میں ریونیو وصولی میں نمایاں تیزی

جنوری 2026 میں ایف بی آر کی آمدن میں 16 فیصد اضافہ ہوا،

31 January 2026

ایک نیوز:ایف بی آر کی جنوری 2026 میں ریونیو وصولی میں نمایاں تیزی آئی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق  جنوری 2026 میں ایف بی آر کی آمدن میں 16 فیصد اضافہ ہوا،  ایف بی آر نے جنوری 2026 میں ایک ہزار 15 ارب روپے ٹیکس جمع کر لیا۔

گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں ایف بی آر کی وصولیوں میں نمایاں بہتری ہوئی،  رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ایف بی آر کی وصولی 7 ہزار 176 ارب روپے رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ایف بی آر کی وصولی 6 ہزار 490 ارب روپے تھی،  ریونیو میں بہتری اصلاحاتی اقدامات کا نتیجہ ہے۔

ایف بی آر کے مطابق  جنوری میں براہِ راست ٹیکس وصولیوں میں 26 فیصد شاندار اضافہ ہوا ہے، انکم ٹیکس کی وصولی 483 ارب روپے تک پہنچ گئی، گزشتہ سال جنوری میں انکم ٹیکس کی وصولی 381 ارب روپے تھی، انکم ٹیکس میں اضافہ مؤثر نفاذ اور اصلاحات کا نتیجہ ہے۔

سیلز ٹیکس کی مد میں جنوری 2026 میں 360 ارب روپے جمع ہوئے،گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں سیلز ٹیکس وصولیوں میں 12 فیصد اضافہ ہوا، سیلز ٹیکس میں بہتری بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کی عکاس ہے، ایل ایس ایم میں بہتری حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔

ایف بی آر کا کہناہےکہ  براہِ راست ٹیکس میں اضافہ رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کے رجحان میں بہتری آئی ہے، ایف بی آر اصلاحات سے ٹیکس نیٹ میں وسعت اور اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، ڈیجیٹل نظام اور نفاذی اقدامات سے ریونیو میں بہتری آئی، ایف بی آر رواں مالی سال کے اہداف حاصل کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔

>