بسنت پر پتنگ بازی کے سامان کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس

پنجاب کے 4 اضلاع سے پتنگ بازی کا زیادہ سے زیادہ سامان فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں

04 February 2026

ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت پر پتنگ بازی کے سامان کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں ہیں۔

تفصیلا ت کے مطابق  وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر بلال یاسین کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں اہم اجلاس  ہوا، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سیف بسنت کے حوالے سے انتظامات بارے بریفنگ دی۔

بلال یسین نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پتنگ بازی کے سامان کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا اور ہمیں ہدایات دیں، پنجاب کے 4 اضلاع سے پتنگ بازی کا زیادہ سے زیادہ سامان فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،  قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور ملتان کی انتظامیہ کو اس حوالے سے ہدایات دی جا چکی ہیں،  چاروں اضلاع میں دستیاب پتنگ بازی کا سامان ایک دن میں لاہور پہنچ جائے گا۔

صوبائی وزیرنے کہاکہ وافر مقدار میں سامان کی دستیابی سے قیمتوں میں واضح کمی آئے گی، بسنت کو "سیف بسنت" بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے لوگوں کی خوشیاں واپس لانے کیلئے محفوظ بسنت کا تحفہ دیا۔

حکومت نے لاہور کے بعد قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور ملتان میں پتنگ بازی کا سامان بنانے کی اجازت دی، چاروں شہروں میں رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف لاہور میں رجسٹرڈ ٹریڈرز یا سیلرز کو پتنگیں اور ڈور فروخت کریں گے، حکومت پنجاب نے مختصر وقت میں بسنت کے انتظامات یقینی بنائے، لاہور میں 6,7,8 فروری کو سیف بسنت کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز اپنا کردار ادا کریں۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن و دیگر  نے شرکت کی۔

>