یہ دہشتگردی جو واپس آئی ہے اس کے پیچھے پی ٹی آئی ہے ،وفاقی وزیراطلاعات

ترلائی میں ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں

۰۷-فروری-۲۰۲۶

ایک نیوز:وفاقی وزیراطلاعات عطاء تارڑ نےعلماء کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  عطاء تارڑ نے کہاکہ اسلام آباد میں ہونے والے انسانیت سوز واقعہ پردکھ ہے، ترلائی میں ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں،دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، وزیر اطلاعات دہشت گردوں کا نظریہ دہشت پھیلانا ہے، مساجد اور امام بارگاہوں کی حفاظت کے لئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے، امام بارگاہ حملے میں زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،نماز جمعہ میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے والوں کو مکمل نکیل ڈالیں گے، سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، گردوں کا مقصد صرف انتشار پھیلانا ہے، گردی کا جڑ سے خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا پیغام امن کمیٹی کا مقصد ملک میں ہم آہنگی کا فروغ اور دہشت گردانہ نظریات کا خاتمہ ہے ،اس کمیٹی میں تمام مکاتب فکر سے نمائندگی موجود ہے، ،ملک میں فرقہ واریت اور نفرت کی کوئی گنجائش نہیں ہے،دہشت گرد چند کوڑیوں کی خاطر مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد واقعہ کے حوالے سے کافی پیشرفت ہوئی ہے، افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے، دہشت گردی کے واقعہ نے اس ناسور کے خاتمے کے لئے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے، ہمارا عزم بڑا واضح ہے کہ ہم نے دہشت گردوں کو نہیں چھوڑنا، دہشت گردوں کے لئے زمین تنگ کر دیں گے،  وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے وزیر داخلہ کو مکمل ہدایت دی ہے،  وزیر داخلہ اور وزارت داخلہ پوری طرح متحرک ہیں،  قانون نافذ کرنے والے ادارے انتہائی متحرک ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے نوابزادہ نصراللہ خان کے یہ اشعار پڑھے۔

اک برقِ بلا کوند گئی سارے چمن پر تم خوش کہ مری شاخِ نشیمن ہی جلی ہے

کب اشک بہانے سے کٹی ہے شبِ ہجراں! کب کوئی بلا صرف دعاؤں سے ٹلی ہے!

دو حق و صداقت کی شہادت سرِ مقتل اٹھو! کہ یہی وقت کا فرمانِ جلی ہے!

ہم راہ روِ دشتِ بلا روزِ ازل سے اور قافلہ سالار حسینؓ ابنِ علیؓ ہے!۔ 

عطاء اللہ تارڑ  نے کہاکہ  دہشت گردوں کی ہارڈ ٹارگٹ تک پہنچنے کی صلاحیت ختم ہو چکی ہے،  دہشت گرد اپنے خاتمے کے قریب ہیں، بزدل دہشت گرد سافٹ ٹارگٹ کی تلاش میں رہتے ہیں، سانحہ ترلائی کے سہولت کاروں کا تعین کرلیا گیا ہے، انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے، تحقیقات جاری ہیں، سکیورٹی فورسز پوری طرح الرٹ ہیں، انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن جاری رہتے ہیں۔

وزیراطلاعات نےمزید کہاکہ جعفر ایکسپریس کے کامیاب آپریشن پر دنیا بھر کی انٹیلی جنس ایجنسیاں پاکستان کی معترف ہیں، ہماری سیکورٹی فورسز کی مہارت کو دنیا تسلیم کرتی ہے، آپریشن رد الفساد اور آپریشن ضرب عضب کے بعد امن و امان قائم ہو چکا تھا، طالبان خان کی سوچ نے ان دہشت گردوں کو لا کر بسایا تھا جس کا خمیازہ آج ہم بھگت رہے ہیں، یہ دہشت گردی جو واپس آئی ہے اس کے پیچھے پی ٹی آئی ہے۔