قرض کی عدم ادائیگی پر بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کو6 ماہ قید کی سزا 


۰۹-فروری-۲۰۲۶
Bollywood actor Rajpal Yadav sentenced to 6 months in prison for non-payment of loan

بالی ووڈ کے معروف اداکار راجپال یادو کو6ماہ قید کی سزا ہو گئی۔

دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے آخری لمحے میں دائر کی گئی درخواست مسترد ہونے کے بعد تہاڑ جیل بھیج دیا گیا ہے، یہ کارروائی ایک طویل عرصے سے زیرِ سماعت9کروڑ روپے کے چیک باؤنس اور قرض کی عدم ادائیگی کے مقدمے میں کی گئی۔

یہ معاملہ سال 2010 کا ہے جب راجپال یادو نے اپنی فلم ’اتا، پتہ، لاپتہ‘ کی پروڈکشن کے لیے تقریباً 5 کروڑ روپے کا قرض حاصل کیا تھا۔ 

بعد ازاں سود، جرمانوں اور تاخیر کی وجہ سے واجب الادا رقم بڑھ کر تقریباً9کروڑ روپے تک پہنچ گئی، بقا یا رقم کی ادائیگی کے لیے اداکار کی جانب سے جاری کیے گئے متعدد چیک باؤنس ہو گئے جس پر چیک ڈس آنر کے تحت فوجداری کارروائی عمل میں آئی۔

عدالت نے اس امر کا سخت نوٹس لیا کہ راجپال یادو کو گزشتہ کئی برسوں میں عدالت کی جانب سے رقم کی ادائیگی کے لیے بارہا مہلت دی گئی تاہم وہ عدالت کو دی گئی یقین دہانیوں پر عمل درآمد میں ناکام رہے۔

عدالت نے اداکار کے طرزِ عمل کو ’قابلِ مذمت‘ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ شہرت یا فلمی پس منظر کسی بھی فرد کو خصوصی رعایت کا حق نہیں دیتا۔

عدالتی حکم کے بعد راجپال یادو نے5فروری2026کو تہاڑ جیل میں خود کو حکام کے حوالے کر دیا جہاں انہوں نے چھ ماہ کی سزا کا آغاز کیا۔ 

اس سے قبل ان کے وکیل کی جانب سے 25 لاکھ روپے کا نیا چیک اور ادائیگی کا نیا شیڈول پیش کیا تا ہم عدالت نے سرنڈر کے حکم کو واپس لینے سے انکار کر دیا۔

قانونی ماہرین کے مطابق جیل کی سزا اداکار کی مالی ذمہ داری کو ختم نہیں کرتی اور راجپال یادو بدستور بقایا رقم کی ادائیگی کے پابند رہیں گے۔

 مستقبل میں کسی بھی ممکنہ ریلیف کا انحصار عدالت کے احکامات پر مکمل عمل درآمد اور قابلِ عمل ادائیگی منصوبے پر ہوگا۔