ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزراء کے لئے سرکاری فیول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لئے پیٹرول اور ڈیزل الاونس میں 50 فیصد فوری کمی کردی گئی ہے،صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسر کے ہمراہ چلنے والی پروٹوکول گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ناگزیر سیکورٹی کے لئے صرف ایک گاڑی صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسر کے ہمراہ ہوگی۔ سرکاری دفاتر میں "ورک فرام ہوم " کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صرف ضروری عملہ ہی دفتر آئے گا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ورک فرام ہوم کے تحت صرف اضافی سپورٹ سٹاف کی آمد و رفت بند کی جارہی ہے، دفاتر میں کام بند نہیں ہوگا۔ نجی سیکٹر کو ورک فرام ہوم، غیر ضروری تقریبات نہ کرنے اور صرف ضروری سٹاف بلانے کی ایڈوائزری ایشو کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مشکل ترین بحران میں جراتمندانہ فیصلوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مشکل حالات میں قوم کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ بہادر قومیں مشکل حالات کا اتحاد، صبر اور دانش مندی سے مقابلہ کرتی ہیں۔