ادارہ شماریات کی مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری

ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.89 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا

۱۳-مارچ-۲۰۲۶

ایک نیوز:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سامنے آگئے، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.89 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی رفتار میں 6.44 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 51 اشیائے ضروریہ میں سے 14 اشیاء مہنگی، 9 سستی جبکہ 28 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔  

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر پٹرول کی قیمت میں 20.60 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ڈیزل کی قیمت میں 19.54 فیصد اضافہ دیکھا گیا، ایل پی جی کی قیمت میں 12.13 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 9.63 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ ہفتے گندم کے آٹے کی قیمت میں 1.28 فیصد، چکن 0.66 فیصد اور دال ماش 0.55 فیصد اضافہ ہوا، کیلے، لکڑی، دال چنا اور تازہ دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سالانہ بنیادوں پر ڈیزل 29.94 فیصد، گیس چارجز 29.85 فیصد اور ایل پی جی 29.21 فیصد مہنگی ہوئی، آٹا 27.75 فیصد اور پٹرول 25.75 فیصد مہنگا ہوا، مرچ پاؤڈر، بیف، پاوڈر دودھ اور مٹن کی قیمتوں میں بھی نمایاں سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 

 رپورٹ کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں 3.66 فیصد اور آلو کی قیمت میں 2.86 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ،  لہسن، چاول، دال مسور اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔  

ادارہ شماریات سالانہ بنیادوں پر آلو کی قیمت میں 51.92 فیصد کمی سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی، سالانہ بنیادوں پر چکن 25.92 فیصد، انڈے 23.76 فیصد اور ٹماٹر 23.02 فیصد سستے ہوئے، دال چنا، لہسن، نمک پاؤڈر اور چینی کی قیمتوں میں بھی سالانہ بنیاد پر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔