ایک نیوز:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام پر کرایوں کا بم گرا دیا گیا،پبلک ٹرانسپورٹرز نے65 فیصد تک کرایوں میں اضافہ کر دیا۔
پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ایک ہزار روپے سے 2500 سو روپے تک کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے اسلام آباد کرایہ 3000 سے بڑھا کر 4000 کر دیا گیا ،لاہور سے پشاور کا کرایہ 3500 سے 4600 کر دیا گیا ،لاہور سے سرگودھا کا کرایہ 1550 سے بڑھا کر 2550 روپے کر دیا گیا ،لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 1350 سے 2350 کر دیا گیا ،لاہور سے کراچی کا کرایہ 8600 سے 12000 روپے کر دیا گیا ہے۔
لاہور سے حیدر آباد کا کرایہ 9200 سے 13000 روپے کر دیا گیا ،لاہور سے رحیم یار خان کا کرایہ 4250 سے بڑھا کر 5300 روپے کر دیا گیا ،لاہور سے مری کا کرایہ 3300 روپے سے بڑھا کر 4500 روپے کر دیا گیا ،لاہور سے ملتان کا کرایہ 2800 سے 3700 روپے کر دیا گیا ہے۔
مسافر وں کا کہناہےکہ اس دور میں سفر تو دور کی بات ہے جینا بھی مشکل ہو گیا ہے،مہنگائی کے اس دور میں پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ، کبھی کہیں خوشی غمی پر جانا بھی امتحان سے کم نہیں ہے ، غریب آدمی اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلائے یا سفر کرے۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹرز کا کہناہےکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ سپئیر پارٹس بھی مہنگے ہیں ، اگر کرایوں میں اضافہ نہ کریں تو گاڑیاں بند کرنے پر مجبور ہیں ، ان حالات میں گاڑیاں چلانا مشکل ہو گیا ہے۔