ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگیا، رپورٹ جاری


۰۱-مئی-۲۰۲۶

ایک نیوز:اپریل 2026 میں مہنگائی میں ماہانہ بنیاد پر 2.48 فیصد اضافہ ہوا، شہری علاقوں میں مہنگائی 2.75 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 2.09 فیصد بڑھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر اپریل 2026 میں مہنگائی کی شرح 10.89 فیصد ریکارڈ کیا گیا ، جولائی تا اپریل مالی سال 2025-26 میں اوسط مہنگائی 6.19 فیصد رہی، شہری علاقوں میں مہنگائی کی رفتار دیہی علاقوں سے زیادہ رہی،  35 شہروں اور 27 دیہی مراکز کے ڈیٹا پر مہنگائی کا تخمینہ جاری کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں 57 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا، تازہ سبزیوں کی قیمتیں 40 فیصد تک بڑھ گئیں، انڈے 14 فیصد، پیاز 9 فیصد اور آلو 4 فیصد مہنگے ہوئے، دودھ اور دودھ سے بنی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ، چکن اور گوشت کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا، چاول، دال ماش اور بیکری آئٹمز بھی مہنگے ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق گندم کی قیمت میں 9 فیصد کمی ہوئی، آٹے کی قیمت میں تقریباً 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات مچھلی، تازہ پھل اور چینی سستی ہو گئیں، بیسن، دالیں اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق  ایل پی جی کی قیمت میں 38 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ، ٹرانسپورٹ سروسز 27 فیصد اور پیٹرولیم مصنوعات 18 فیصد مہنگی ہوئیں، کرایوں اور تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، ذاتی استعمال کی اشیاء اور قالین سستے ہو گئے۔