امریکی حملوں کے بعدعالمی منڈی میں خام تیل مہنگا 


۰۸-جولائی-۲۰۲۶
Crude oil prices rise in global market after US attacks

امریکی حملوں کے بعدعالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہو گیا ۔

ویب ڈیسک :امریکا کے ایران پر فضائی حملوں اور ایرانی تیل کی فروخت پر دوبارہ پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد عالمی خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ مالیاتی منڈیوں میں بھی بے چینی دیکھی گئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی خام تیل کے فیوچر معاہدوں کی قیمت میں 2.7فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 72.40ڈالرز فی بیرل تک پہنچ گئی۔

دوسری طرف امریکی 10سالہ ٹریژری بانڈ فیوچر میں کمی ریکارڈ کی گئی، سرمایہ کاروں نے بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی کے باعث مہنگائی اور شرحِ سود میں اضافے کے خدشات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اپنی سرمایہ کاری کی حکمتِ عملی تبدیل کرنا شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق امریکا نے آبنائے ہرمز میں تجارتی آئل ٹینکروں پر حملوں کے بعد ایران پر فضائی کارروائیاں کیں اور ایرانی خام تیل کی فروخت سے متعلق پابندیاں دوبارہ نافذ کر دیں، جس سے عالمی توانائی کی سپلائی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی رسد متاثر ہونیکا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں ناصرف خام تیل بلکہ دیگر مالیاتی منڈیوں میں بھی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔