ایلون مسک کا کرسٹوفر نولن کی فلم ’اوڈیسی‘ کا اے آئی ورژن بنانے کا اعلان


۲۳-جولائی-۲۰۲۶

ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ان کا مصنوعی ذہانت پر مبنی پلیٹ فارم ’گروک امیجن‘ رواں سال کے اختتام سے قبل قدیم یونانی رزمیہ شاعری  اوڈیسی پر مبنی مکمل فلم پیش کرے گا جو شاعر ہومر کے اصل شاہکار سے مکمل طور پر میل کھائے گی۔

ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا ہے کہ گروک امیجن سے بنائی جانے والی فلم تاریخی اعتبار سے درست ہو گی اور ہومر کے اصل فن کی عکاسی کرے گی۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ تقریباً 3 منٹ کی اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو بھی شیئر کی جس میں اوڈیسیئس اور کلیپسو کا ایک منظر دکھایا گیا ہے۔

اس سے قبل ایلون مسک نے ایک صارف کی اس تجویز کی بھی حمایت کی تھی کہ ہدایت کار میل گبسن تقریباً 100 ملین ڈالرز کی لاگت سے ایسی فلم بنائیں جس میں تاریخی طور پر درست جہاز، ہتھیار، زرہیں، کردار اور ہومر کی اصل نظم کے مکالمے شامل ہوں۔

دوسری جانب تمام تنقید کے باوجود کرسٹوفر نولن کی اوڈیسی نے شاندار آغاز کیا ہے۔ 

باکس آفس کے اعداد و شمار کے مطابق فلم نے افتتاحی ہفتے میں دنیا بھر سے 264.06 ملین ڈالرز سے زائد کا کاروبار کیا ہے جو رواں سال کی بڑی کامیابیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔