وزیراعلیٰ پنجاب کا مون سون صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس، اربن فلڈنگ اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے اہم ہدایات جاری


۲۳-جولائی-۲۰۲۶

ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت مون سون صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں اربن فلڈنگ، رودکوہی اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام انسانی اور مکینکل وسائل بروئے کار لانے، فلڈ کنٹرول اقدامات مزید مؤثر بنانے اور متعلقہ اداروں کو متعدد اہم ہدایات جاری کی گئیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اجلاس میں اربن فلڈنگ، رودکوہی اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام انسانی اور مکینکل وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا۔

انہوں نے کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر لیسکو اور دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو نوٹس لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی غفلت کی وجہ سے لوگ جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں جبکہ کھمبوں پر بجلی کے بے ہنگم لٹکتے تار انسانی جانوں کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے واسا کمپلینٹ ہیلپ لائن پر فوری کارروائی اور شکایات کے حل کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں میں نہانے پر پابندی یقینی بنانے، ان مقامات کی ڈرون کے ذریعے مانیٹرنگ کرنے اور بارش و سیلاب کی صورتحال سے عوام کو بروقت آگاہ کرنے کے لیے مساجد، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر اعلانات کرانے کا حکم دیا۔

مریم نواز شریف نے مون سون کے دوران تمام کنسٹرکشن سائٹس کو محفوظ بنانے، خستہ حال اور بوسیدہ عمارتوں کا سروے کرکے رضاکارانہ انخلا یقینی بنانے اور مین ہولز، گٹروں اور گڑھوں کو محفوظ بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سیلابی علاقوں اور خطرناک مقامات پر جانے سے روکیں، جبکہ سانپ کے کاٹنے اور پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے پیشگی تدارک کے لیے متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویل بھیجنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

وزیراعلیٰ نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں اربن فلڈنگ اور رودکوہی کے حوالے سے پیشگی اطلاعات پہنچانے اور بروقت انخلا کے اقدامات کرنے، جبکہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر پیشگی انخلا اور سیاحوں کو اعلانات کے ذریعے آگاہ کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس میں پی ڈی ایم اے، واسا، ریسکیو 1122، لوکل گورنمنٹ اور این ڈی ایم اے کے درمیان مکمل اشتراک کار یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع میں مون سون فلڈ کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے فعال رکھنے، رہائشی، کمرشل اور عوامی مقامات سے بارشی پانی کی فوری نکاسی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے اور ضرورت کے مطابق مزید ڈی واٹرنگ سیٹس فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس میں گجرات، اوکاڑہ، لاہور اور مری کے ڈپٹی کمشنرز اور ایم ڈی واسا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انہیں شاباش دی۔ انہوں نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، وزیر ہاؤسنگ بلال یٰسین، وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور پوری ٹیم کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جہاں پہلے کئی کئی دن اور ہفتے پانی کھڑا رہتا تھا وہاں اب چند گھنٹوں میں نکاسی آب ممکن ہوئی، موسمیاتی تبدیلی کے باعث زیادہ بارشوں کے باوجود پیشگی اقدامات مؤثر ثابت ہوئے، جبکہ کئی دہائیوں بعد گجرات میں بارش کے بعد پانی کی جلد نکاسی سے شہر ڈوبنے سے بچ گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ 41 اضلاع میں واسا کے قیام اور پی ڈی پی پراجیکٹ کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ 41 اضلاع میں واساز کو ایک ہزار ڈی واٹرنگ سیٹس، سکشن مشینیں اور دیگر مشینری فراہم کی گئی، صوبہ بھر میں 6 لاکھ 60 ہزار ٹن ڈی سلٹنگ، 4 ہزار کلومیٹر سیوریج لائن، سوا دو لاکھ مین ہول اور 724 کلومیٹر ڈرین کی صفائی کی گئی، جبکہ اٹلی سے مزید 207 جدید ڈی واٹرنگ سیٹس بھی فراہم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں واسا اور دیگر متعلقہ محکموں نے مون سون صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔