پنجاب میں پہلی بار سیلاب کی پیشگی اطلاع کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز


۲۳-جولائی-۲۰۲۶

ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی ڈرون سرویلنس کے ذریعے پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کے لیے تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی ڈرون سرویلنس شروع کر دی گئی ہے۔

سیف سٹی کی جانب سے دریاؤں، ہیڈ ورکس اور بیراجوں میں پانی کی سطح کا جائزہ لینے کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کی گئی، جس کے ذریعے سیلابی ریلے کی آمد کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی۔

جھنگ کے تریموں بیراج میں واٹر سرویلنس کے دوران پانی کی سطح معمول کے مطابق ریکارڈ کی گئی۔

پاکپتن میں دریائے راوی اور دریائے ستلج میں ڈرون مانیٹرنگ کے ذریعے سیلابی پانی کی آمد اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ دریاؤں کے کناروں پر کٹاؤ کا بھی معائنہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

سرگودھا میں دریائے چناب پر واقع طالب والا پل پر ڈرون مانیٹرنگ کے دوران بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق پایا گیا۔

خانیوال میں ہیڈ سدھنائی بیراج اور ہیڈ ورکس پر ڈرون سرویلنس کے ذریعے پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا گیا۔

ساہیوال میں کتب شہانہ کے قریب ڈرون سرویلنس کے دوران نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ریکارڈ کی گئی۔

سیالکوٹ کے ہیڈ مرالہ پر ڈرون سرویلنس کے دوران پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

منڈی بہاؤالدین میں رسول بیراج پر بھی ڈرون سرویلنس کے ذریعے پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا گیا۔