ایک نیوز:پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل کے پیش نظر 24 سے 27 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے،ادارے نے ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے 24 سے 27 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، پاکپتن اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کا امکان ہے،
بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ملتان، خانیوال اور گرد و نواح میں بھی بارش متوقع ہے،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
عمر عباس میلہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں کیونکہ مون سون سیزن میں ایسے مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے بھی محفوظ مقامات پر رہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں، پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جائے۔