ایک نیوز:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے الفاظ کا چناؤ درست کریں اور بڑوں کی عزت کرنا سیکھیں۔
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اپنے الفاظ کا چناؤ درست کریں اور بڑوں کی عزت کرنا سیکھیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بلیک میلنگ کے مینڈیٹ کی پیداوار اب ہمیں طعنے دیں گے، اللہ کی شان ہے، اپنے والد کی عمر کے شخص کو الٹے سیدھے منہ بنا کر رائیونڈ، رائیونڈ کے طعنے دیے جاتے ہیں، آپ کا لیڈر کسی والد کی عمر جیسے بڑے کی تضحیک کرے تو وہ آپ کو تضحیک نہیں لگتی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ لوگوں نے باجماعت رائیونڈ کو مذاق بنا لیا ہے، آپ لوگ ٹیڑے منہ کر کے اپنے سے بڑی عمر کے آدمی کی تضحیک کرتے ہیں، اگر آپ لوگ ایسی زبان درازی کریں گے تو جواب بھی ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب آسمان سے اترے اوتار نہیں ہیں، بلاول بھٹو اپنی تقریروں میں پنجاب کے شہروں کے نام لے لے کر غلط اور جھوٹا پروپیگنڈا کرتے ہیں، بلاول بھٹو کا یہ رویہ آپ کو مضحکہ خیز اور غیر سنجیدہ نہیں لگتا؟