بھارتی فلمساز کی 3 ایڈیٹس کی دوبارہ ریلیز کی خبروں کی تردید


۲۵-جولائی-۲۰۲۶

بھارتی فلم ساز ودھو ونود چوپڑا نے فلم 3 ایڈیٹس کی دوبارہ سنیما گھروں میں نمائش سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا کہ میڈیا میں شائع ہونے والی یہ اطلاعات کہ 3 ایڈیٹس کو 4 ستمبر کو دوبارہ ریلیز کیا جائے گا، درست نہیں اور حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

بیان میں مداحوں سے اپیل کی گئی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین کرنے کے بجائے صرف پروڈکشن ہاؤس کے سرکاری اعلانات پر اعتماد کریں۔

یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل عامر خان نے ان افواہوں کی بھی تردید کی تھی کہ فلم میں ان کا مشہور کردار رنچھوڑ داس سماجی کارکن اور انجینئر سونم وانگ چک کی شخصیت سے متاثر ہو کر تخلیق کیا گیا تھا۔

عامر خان نے اس حوالے سے کہا تھا کہ وہ سونم وانگ چک کا بے حد احترام کرتے ہیں اور ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں، تاہم رنچھوڑ داس کا کردار ان کی شخصیت پر مبنی نہیں تھا۔

دوسری جانب، عامر خان اس سے قبل ایک انٹرویو میں تصدیق کر چکے ہیں کہ 3 ایڈیٹس کے سیکوئل پر کام جاری ہے اور فلم کی اسکرپٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ اس خبر کے بعد مداحوں میں فلم کی واپسی کے حوالے سے جوش و خروش مزید بڑھ گیا تھا۔

واضح رہے کہ 3 ایڈیٹس 2009 میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم میں عامر خان، آر مادھون، شرمن جوشی اور کرینہ کپور خان نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جبکہ یہ بالی ووڈ کی تاریخ کی کامیاب ترین اور مقبول ترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔