امریکی کانگریس کے وفد کا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ


۲۶-جولائی-۲۰۲۶

ایک نیوز:امریکی کانگریس کے اراکین پر مشتمل وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، اسمارٹ سرویلنس سسٹمز اور مختلف ڈیجیٹل پبلک سیفٹی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

لاہور میں امریکی کانگریس کے اراکین پر مشتمل وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا۔ وفد میں امریکی کانگریس کے اراکین ریان زنکے (Ryan Zinke) اور مائیکل بامگارٹنر (Michael Baumgartner) شامل تھے۔

امریکی وفد کا استقبال منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس اور چیف آپریٹنگ آفیسر مستنصر فیروز نے کیا۔

وفد کو سیف سٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا گیا اور جدید اے آئی اپ گریڈیشنز پر بریفنگ دی گئی۔ وفد کو سیف سٹی کی جدید ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، اسمارٹ سرویلنس سسٹمز اور سیکیورٹی ماڈیولز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران وفد کو جدید سرویلنس کیمروں، انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور پنجاب بھر میں اسٹریٹجک مانیٹرنگ کے نظام سے بھی آگاہ کیا گیا۔

امریکی وفد کو پنجاب پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کوآرڈی نیشن اور جدید سیکیورٹی میکانزم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

وفد کو ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کے جدید فیچرز اور فوری رسپانس میکانزم سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

امریکی وفد نے ویمن سیفٹی ایپ، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی، ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور دیگر ڈیجیٹل پبلک سیفٹی اقدامات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

دورے کے اختتام پر امریکی وفد کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔