فیروزوالہ میں بارش کے جمع پانی میں ڈوب کر ایک ہی گھر کے تین بچے جاں بحق


۲۶-جولائی-۲۰۲۶

فیروزوالہ:پٹھان کالونی میں نالہ بھیڑ کا بند ٹوٹنے کے بعد بارش کا پانی آبادی میں داخل ہوگیا، جہاں جمع پانی میں نہاتے ہوئے ایک ہی گھر کے تین بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

فیروزوالہ کی پٹھان کالونی میں نالہ بھیڑ کا بند ٹوٹنے سے افسوسناک سانحہ پیش آیا، جہاں ایک ہی گھر کے تین بچے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق بچوں کی عمریں 10 سے 15 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں، جبکہ ان کی شناخت دانیال، نعمان اور برہان کے نام سے ہوئی ہے۔

بند ٹوٹنے کے باعث آبادی میں 5 سے 10 فٹ تک پانی جمع ہوگیا۔ بارش کے جمع پانی میں نہاتے ہوئے تینوں بچے ڈوب گئے۔

مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو نیم مردہ حالت میں ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کرتے رہے، تاہم تینوں جانبر نہ ہوسکے۔ لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔

افسوسناک واقعے پر اہلِ علاقہ سراپا احتجاج بن گئے۔ متعلقہ انتظامیہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

شہریوں نے بند کی بروقت مرمت نہ ہونے پر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اور متاثرہ علاقوں سے پانی کے فوری نکاس اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا۔