آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت حاصل کرے گی: احسن اقبال


۲۶-جولائی-۲۰۲۶

ایک نیوز:وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت حاصل کرے گی، جبکہ کشمیر کے عوام ترقی کو ووٹ دیں گے۔

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت حاصل کرے گی،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کے اندر ترقیاتی منصوبوں پر عمل کرنے کی سائنس جانتی ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی، اس دور کو بہترین ترقی کے دور کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ جب پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جاتا ہے، آج پورے ملک میں پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ایک مثال ہے اور ہر صوبہ چاہتا ہے کہ اسے پنجاب جیسی ترقی ملے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر اور سندھ کے لوگ ترقی کی صورتحال دیکھ رہے ہیں، جبکہ پنجاب میں حکومت کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے، ایک طرف پشاور ماڈل، ایک طرف کراچی ماڈل اور ایک طرف لاہور ماڈل ترقی کا موجود ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ کوئی بھی سمجھدار شخص یہ نہیں چاہے گا کہ اسے کراچی یا پشاور ماڈل ملے، جبکہ کراچی اور پشاور کے لوگ بھی لاہور ماڈل کی ترقی چاہتے ہیں، کشمیر کے عوام بھی مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے کر ترقی کو ووٹ دیں گے۔