عظمیٰ بخاری کا شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل، پیپلز پارٹی پر تنقید


۲۶-جولائی-۲۰۲۶

ایک نیوز:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، پیپلز پارٹی کے ہر رہنما نے قسم کھائی ہے کہ جہاں جانا ہے مسلم لیگ ن پر ہی تنقید کرنی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے پاس اپنی 17 سالہ صوبائی حکومت کی کارکردگی بتانے کے لیے کچھ نہیں ہے ،اگر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے الیکشن میں سنجیدہ ہوتی تو بلاول بھٹو اپنے شیڈول جلسے کینسل کر کے نہ جاتے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے دعویٰ کیا کہ اپنے گزشتہ مایوس کن جلسے کی خفت مٹانے کیلئے  بلاول بھٹو نے اپنے شیڈول جلسے کینسل کیے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک صوبے میں 17 سال حکومت کرنے کے بعد بھی مخالف امیدواروں کو غائب کروانے والے ہمیں بتائیں گے کہ الیکشن کون جیت کر آیا؟

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے کشمیریوں کو الیکٹرک بسیں اور کلینیک آن ویلز ملنے پر اتنے پریشان کیوں ہیں، پیپلز پارٹی 17 سال میں سندھ کو ٹرانسپورٹ سسٹم نہیں دے سکی جبکہ مریم نواز نے 18 ماہ میں پورے صوبے میں الیکٹرک بسیں چلا دی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کے ہر منصوبے میں باقی صوبے بھی شامل ہوتے ہیں، مریم نواز نے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے بچوں کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس دیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے لوگوں کو ریلیف ملے تو پیپلز پارٹی رونا دھونا شروع کر دیتی ہے، اور آزاد کشمیر کے لوگوں کو ریلیف ملے تو بھی یہی صورتحال ہوتی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی کا مسئلہ کیا ہے، ہمیں ایک ہی بار بتا دیں۔