ایک نیوز:فیروزوالہ میں نالہ ڈیگ کا ٹوٹا ہوا بند تاحال مرمت نہ ہو سکا، جس کے باعث سیلابی پانی کی سطح 6 فٹ سے تجاوز کر گئی۔ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ جبکہ متعدد علاقے زیر آب آ گئے۔
فیروزوالہ میں نالہ ڈیگ کا ٹوٹا ہوا بند تاحال مرمت نہ ہونے کے باعث سیلابی پانی کی سطح 6 فٹ سے بھی تجاوز کر گئی۔
سیلابی پانی سے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، جبکہ کسان شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ مویشیوں کے چارے کی قلت کے باعث دیہی علاقوں میں بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔
پٹھان کالونی، ونڈالا، ناصر شاہ، رانا ٹاؤن سمیت متعدد علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ سوموریا پل، الرحمن سٹی، شاہ خالد ٹاؤن، حیدر روڈ، نیاز کورٹ اور کالاخطائی بھی سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
گھروں کا قیمتی سامان سیلابی پانی کی نذر ہو گیا، جبکہ شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ متاثرہ خاندان اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔
پٹھان کالونی میں ایک ہی گھر کے تین بچے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
متاثرہ خاندانوں کے احتجاج اور جی ٹی روڈ بلاک کرنے کے باوجود مسائل برقرار ہیں۔
متاثرین نے بند کی فوری مرمت، ریسکیو اور امدادی کارروائیاں شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔