ایک نیوز:صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مون سون سے قبل پنجاب حکومت نے بہترین انتظامات کیے، جس کی وجہ سے زیادہ بارشوں کے باوجود صوبے میں دوسرے صوبوں جیسے حالات پیدا نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خود بارشوں کی صورتحال کی نگرانی کرتی رہیں جبکہ متعلقہ ادارے متحرک رہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مون سون سے قبل پنجاب حکومت نے بہترین انتظامات کیے، جس کے باعث بارشوں کے دوران پنجاب میں دیگر صوبوں جیسے تباہی کے مناظر دیکھنے میں نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام 15 اضلاع میں جاری ہے جبکہ صوبے میں سیکڑوں کلومیٹر نئی سیوریج لائنیں ڈالی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش کے بعد ریکارڈ وقت میں پانی کی نکاسی کی گئی اور اس سال زیادہ بارشوں کے باوجود کہیں بھی پانی کھڑا نہیں ہوا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور میں مسلسل پانچ گھنٹے بارش ہوئی، تاہم انڈر پاسز کو ریکارڈ وقت میں کلیئر کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں واسا موجود ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واسا کو نئی مشینری فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز بارشوں کی صورتحال کو خود مانیٹر کرتی رہی ہیں جبکہ دریاؤں، ڈیمز اور بیراجوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے محفوظ چھت پروگرام بھی شروع کیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دریائے چناب کے بہاؤ میں کمی آ رہی ہے، تاہم ابھی مزید بارشیں متوقع ہیں، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لٹکتی تاروں کو انڈر گراؤنڈ کیا جا رہا ہے جبکہ مری میں سیاحوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے پیشگی آگاہ کیا جا رہا ہے۔
آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج آزاد کشمیر میں انتخابات ہو رہے ہیں اور میرپور کے عوام نے انتشار اور احتجاج کی کال کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سے نکلے ہیں اور پولنگ اسٹیشنوں پر لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کو بہت محنت کر کے ٹویٹ کرنا پڑا اور انہوں نے کوئی پرانے زمانے کی ویڈیو ٹویٹ کی۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے لوگ پنجاب جیسی ترقی دیکھنا چاہتے ہیں اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی سے متاثر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن کے انتخابات میں ابھی سے رونا پیٹنا شروع ہو گیا ہے، کل دھاندلی نہ ہونے دینے کا بھاشن دیا گیا، جبکہ ہم نے کسی پر کوئی الزام نہیں لگایا بلکہ صرف اپنا منشور پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پورے ملک کے لوگوں کا مطالبہ ہے کہ وہ پنجاب جیسی ترقی چاہتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے مخالفین خوف زدہ ہیں۔