لاہور ٹریفک پولیس کا بھکاریوں کی بحالی اور باعزت روزگار کے لیے پائلٹ پراجیکٹ شروع


۲۷-جولائی-۲۰۲۶

ایک نیوز:لاہور ٹریفک پولیس نے بھکاریوں کی ری ہیبلیٹیشن، بحالی اور باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے "پائلٹ پراجیکٹ" شروع کر دیا۔ منصوبے کے تحت مستحق افراد کو پیشہ ورانہ تربیت، روزگار، آسان قرضوں اور چھوٹے کاروبار کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

لاہور ٹریفک پولیس کے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) سید عبدالرحیم شیرازی کی زیر قیادت بھکاریوں کی بحالی اور باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

اس سلسلے میں مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز مبین الٰہی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر الخدمت فاؤنڈیشن محمد صنان سے ملاقات ہوئی، جس میں بھکاریوں کو پیشہ ورانہ تربیت، روزگار اور چھوٹے کاروبار کی سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

پائلٹ پراجیکٹ کے تحت الخدمت فاؤنڈیشن 10 مستحق مرد و خواتین بھکاری خاندانوں کی نشاندہی کرے گی، جبکہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن منتخب افراد کو کاروبار کے قیام کے لیے پانچ، پانچ لاکھ روپے کے آسان قرض فراہم کرے گی۔

ملاقات میں بچوں کی ری ہیبلیٹیشن کے لیے لاہور شہر کی جھونپڑیوں میں "جھونپڑی اسکولز" قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ مستحق اور انتہائی مجبور افراد کو فلاحی اداروں کے تعاون سے مختلف ہنر، بیوٹی کورسز اور سلائی کڑھائی کی تربیت دی جائے گی۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ گداگروں کی میپنگ، ریسرچ اور پروفائلنگ کے ذریعے ان کے ہینڈلرز تک پہنچا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کا مقصد مستحق افراد کو بھیک سے نجات دلا کر باعزت اور خودمختار زندگی کی طرف لانا ہے۔

مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز نے کہا کہ یہ اقدام پیشہ ورانہ گداگری کے خاتمے اور معاشرتی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ روز بروز گداگروں کی تعداد میں اضافے کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور ٹریفک پولیس نے رواں سال 3 ہزار 500 سے زائد گداگروں کے خلاف کارروائی کی، اب ان کی بحالی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔