ثاقب چدھڑ نے بار بار رابطے کی کوشش کی، اداکارہ عروبہ مرزا نے سکرین شاٹس شیئر کر دیئے


۳۰-جولائی-۲۰۲۶

پاکستانی اداکارہ عروبہ مرزا نے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ سے منسوب مبینہ انسٹاگرام پیغامات کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سیاستدان نے ان سے بھی متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر شیئر کیے گئے مبینہ اسکرین شاٹس کے ساتھ لکھا، "مومنہ اقبال، سیدہ طوبیٰ اور اب میں بھی۔" ان کے مطابق ان پیغامات میں گفتگو شروع کرنے اور بعد ازاں اسنیپ چیٹ پر رابطہ جاری رکھنے کی درخواستیں شامل تھیں۔

عروبہ مرزا کی یہ پوسٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ثاقب چدھڑ پہلے ہی اداکارہ اور میزبان سیدہ طوبیٰ سے متعلق سامنے آنے والے الزامات کے باعث خبروں میں ہیں۔ ان الزامات میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ انہوں نے بطور تحفہ آئی فون دینے کی پیشکش کی تھی، تاہم ان دعوؤں پر قانونی کارروائی جاری ہے۔

عروبہ مرزا کی جانب سے مبینہ پیغامات سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بحث ایک بار پھر تیز ہو گئی ہے۔ تاہم ثاقب چدھڑ کے خلاف عائد تمام الزامات اس وقت قانونی اور عدالتی کارروائی کے مراحل میں ہیں، اور متعلقہ عدالت یا تحقیقاتی ادارے کی جانب سے ان پر کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔