ایک نیوز:پاکستان کی پہلی اے آئی فیچر فلم "عینک والا جن" کے ڈائریکٹر فرحان خان نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں حفیظ طاہر کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو "بے بنیاد" اور "نان سینس" قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
فرحان خان کا کہنا ہے کہ بعض آن لائن پلیٹ فارمز نے ان کا مؤقف لیے بغیر یکطرفہ خبریں اور دعوے شائع کیے، جو صحافتی توازن اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے اصولوں کے منافی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ "عینک والا جن" سے متعلق تمام ضروری قانونی اجازت پاکستان ٹیلی ویژن (PTV) سے حاصل کی گئی ہے، جبکہ ان کے مطابق اس منصوبے سے متعلقہ حقوق بھی پی ٹی وی کے پاس موجود ہیں۔ فرحان خان نے کہا کہ اگر کسی فریق کو اس معاملے پر اعتراض ہے تو وہ متعلقہ قانونی فورم سے رجوع کرے، نہ کہ سوشل میڈیا پر الزامات اور پروپیگنڈے کا سہارا لے۔
فرحان خان نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے اے آئی فلم سازی جیسے جدید شعبے کی حوصلہ افزائی ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ ان کے مطابق دنیا بھر میں فلم سازی تیزی سے مصنوعی ذہانت (AI) کی طرف بڑھ رہی ہے، اور مستقبل میں اے آئی فلم میکنگ میڈیا اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا اہم حصہ ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کا اس جدید ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرنا نہ صرف ایک مثبت قدم ہے بلکہ پاکستان میں نئی نسل کے فلم سازوں کے لیے بھی حوصلہ افزا مثال ہے۔
فرحان خان نے یہ بھی کہا کہ "عینک والا جن" سینما گھروں میں اپنی نمائش جاری رکھے ہوئے ہے، جو ان کے مطابق ناظرین کی دلچسپی اور فلم کی پذیرائی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ **ریلیز کے دس دن گزرنے کے باوجود فلم کا سینما گھروں میں جاری رہنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ فلم کو دیکھنے والوں کی جانب سے مثبت ردِعمل مل رہا ہے۔
آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ میڈیا ادارے کسی بھی الزام یا دعوے کی اشاعت سے قبل تمام متعلقہ فریقوں کا مؤقف ضرور حاصل کریں تاکہ عوام تک درست، متوازن اور مصدقہ معلومات پہنچ سکیں۔