پنجاب کی دیہی خواتین کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی سیکھنے کا نیا موقع


۰۹-اگست-۲۰۲۶

پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی ایف) نے پاکستان کے پہلے نو کوڈ، اے آئی سے چلنے والے ٹیکنالوجی پلیٹ فارم icōd.ai کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت میں ڈیجیٹل پروگرام کے گریجویٹس کے لیے کوڈنگ اور ڈیجیٹل مہارتوں پر مبنی تربیتی پروگرام شروع کیا جائے گا۔

معاہدے پر PSDF کے ہیڈ آف ڈیجیٹل پروگرامز اکبر حسین اور icōd.ai کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمار اسلم نے دستخط کیے۔ تقریب میں icōd.ai کے ڈائریکٹر علی دار، ڈائریکٹر کمیونٹی اینڈ آپریشنز حسن جاوید اور دونوں اداروں کی سینئر انتظامیہ نے شرکت کی۔

معاہدے کے تحت icōd.ai، PSDF کے موجودہ تربیتی نصاب میں شامل کوڈنگ اور ڈیجیٹل مہارتوں کا جائزہ لے گا اور کورسز کے مواد کو جدید اے آئی ڈویلپمنٹ کے طریقہ کار اور مارکیٹ کی موجودہ ضروریات سے ہم آہنگ کرے گا۔
اس موقع پر اکبر حسین نے کہا کہ یہ پنجاب میں اپنی نوعیت کا منفرد اقدام ہے، جس کے ذریعے میں ڈیجیٹل پروگرام کے گریجویٹس کو نو کوڈ اے آئی پلیٹ فارم پر عملی تربیت فراہم کی جائے گی، جس سے  اس پروگرام کے ثمرات میں اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں مسابقت کے قابل بنایا جا سکے گا۔

icōd.ai کی جانب سے میں ڈیجیٹل پروگرام کے 25 تک گریجویٹس کے لیے خصوصی بوٹ کیمپس اور ورچوئل تربیتی سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ اس تربیت کے ذریعے شرکا ویب سائٹس، ویب ایپلی کیشنز، ڈیجیٹل فارمز اور خودکار کاروباری ورک فلو تیار کرنے جیسی عملی ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کر سکیں گے، خصوصاً وہ گریجویٹس جو پہلے سے کاروباری یا انٹرپرینیورئل سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔

icōd.ai کے سی ای او عمار اسلم نے کہا کہ ان کا پلیٹ فارم پاکستان کی غیر تکنیکی کمیونٹی کے لیے نو کوڈ اے آئی کو قابل رسائی بنانے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراکت داری کے ذریعے میِن ڈیجیٹل گریجویٹس کو منظم تربیت، عملی منصوبوں اور ایسے ہنر کے حصول کا موقع ملے گا جنہیں وہ اپنے پیشہ ورانہ پورٹ فولیو میں شامل کر سکیں گے۔

PSDF کے مطابق icōd.ai کے ساتھ یہ تعاون پنجاب میں ڈیجیٹل مہارتوں کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس شراکت داری کے تحت پہلے مرحلے میں ایک پائلٹ پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کی کامیابی کی بنیاد پر اسے مزید وسعت دینے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔

اس اقدام کے ذریعے گریجویٹس کے لیے فری لانسنگ، پائیدار آمدنی اور ٹیکنالوجی پر مبنی روزگار کے مواقع تک رسائی کے لیے باقاعدہ تربیتی راستے بھی تیار کیے جائیں گے۔

پی ایس ڈی ایف میں ڈیجیٹل پروگرام کے ذریعے پنجاب کی تعلیم یافتہ دیہی خواتین کو بنیادی ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ کے شعبے میں اپنے کیریئر کو آگے بڑھا سکیں۔