پاکستان والی بال ٹیم انڈر 17 ورلڈ چیمپیئن شپ میں پانچویں پوزیشن کے بعد وطن واپس پہنچ گئی


۳۱-اگست-۲۰۲۶

ایک نیوز:بوائز انڈر 17 ورلڈ والی بال چیمپیئن شپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستان والی بال ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ ورلڈ چیمپیئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والی قومی ٹیم کا لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان والی بال فیڈریشن کے عہدیداران نے شاندار استقبال کیا۔

قطر کے شہر دوحہ میں کھیلی جانے والی بوائز انڈر 17 ورلڈ والی بال چیمپیئن شپ میں پاکستان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ پانچویں پوزیشن اپنے نام کی۔

پاکستان والی بال ٹیم کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر سہیل خاور میر نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ ٹیم کا استقبال کیا۔

اس موقع پر سہیل خاور میر کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تو یہی کھلاڑی ورلڈ ٹائٹل جیت سکتے ہیں۔ لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور نارووال میں والی بال کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے، لیکن کوئی بین الاقوامی سہولیات والا ہال موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کو مزید ٹریننگ کرائی جائے گی تاکہ مستقبل میں ہونے والے ایونٹس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

ٹیم کے ہیڈ کوچ کفایت اللہ نے کہا کہ وہ ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف ہماری ٹیم نے کامیابیاں سمیٹی ہیں، جبکہ اس ٹیم میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان محمد عرفان نے حکومت سے سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت اس کھیل کو سپورٹ کرے تو پاکستان ٹیم ورلڈ ٹائٹل بھی جیت سکتی ہے۔

واضح رہے کہ قطر کے شہر دوحہ میں ہونے والی بوائز انڈر 17 ورلڈ والی بال چیمپیئن شپ میں 20 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا تھا، جس میں پاکستان نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔