ایک نیوز:ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں شہری اور اقتصادی اہداف پر حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حوثی ملیشیا کے حملے پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں،ان حملوں سے یمن تنازع کے پرامن اور دیرپا حل کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے،پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے۔
پاکستان نے سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے،حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق سعودی عرب کے حق دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے،سعودی عرب کو اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کا جائز حق حاصل ہے،سعودی عرب کو اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے، جبکہ اپنے قومی اثاثوں کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کا بھی حق حاصل ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے اپنی تمام کوششیں جاری رکھے گا۔