پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اگلے جائزہ مذاکرات کی تیاریاں


۱۱-ستمبر-۲۰۲۶

ایک نیوز:پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اگلے جائزہ مذاکرات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، آئی ایم ایف کا وفد رواں ماہ مذاکرات کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گا، جبکہ مذاکرات 23 ستمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد مذاکرات کے لیے تقریباً دو ہفتے پاکستان میں قیام کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ توسیعی فنڈ فیسلیٹی اور کلائمٹ فنانسنگ جائزے کے لیے بیک وقت مذاکرات ہوں گے، جبکہ آرٹیکل فور مذاکرات بھی آئی ایم ایف مشن کے دورے کے دوران ہوں گے۔

مذاکرات میں گزشتہ مالی سال کی دوسری ششماہی کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کی کامیابی پر دونوں پروگراموں کے تحت اگلی اقساط جاری کی جائیں گی۔

توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام کے تحت چوتھے جائزہ مذاکرات ہوں گے، جبکہ کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے تیسرے جائزے کے لیے مذاکرات ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کی کامیابی پر پاکستان کو توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام کی پانچویں قسط ملے گی۔

پاکستان کو کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت اگلی قسط کی مد میں بھی فنڈز ملیں گے۔

ذرائع کے مطابق دونوں پروگراموں میں اب تک پاکستان کو آئی ایم ایف سے 4 ارب 60 کروڑ ڈالرز موصول ہوچکے ہیں۔

اس وقت پاکستان بیک وقت آئی ایم ایف کے ساتھ دو قرض پروگراموں میں ہے۔

پاکستان، آئی ایم ایف کے ساتھ 7 ارب ڈالرز سے زائد کے توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام میں ہے، جبکہ کلائمٹ فنانسنگ کے ایک ارب 40 کروڑ ڈالرز کے پروگرام میں بھی شامل ہے۔