پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے فضائی عملے کے لیے معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) کا تیار کردہ نیا یونیفارم متعارف کرا دیا ہے، جس کی باضابطہ رونمائی لاہور میں کی گئی۔
ایئرلائن کے مطابق نئے یونیفارمز 31 اکتوبر 2026 کو لندن سے اسلام آباد آنے والی بوئنگ 787 ڈریم لائنر کی افتتاحی پرواز کے عملے کو پہلی بار پہنائے جائیں گے۔
نئے لباس کے انتخاب کے لیے ستمبر میں کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران نومی انصاری، عامر عدنان اور جنریشن سمیت 10 معروف فیشن ڈیزائنرز نے اپنے ڈیزائن پیش کیے تھے، تاہم جیوری نے آرام، پائیداری، نفاست اور پاکستانی ثقافت کی عکاسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایچ ایس وائی کے ڈیزائن کا انتخاب کیا۔
ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق نئے یونیفارمز میں پاکستانی ثقافتی ورثے، جدید فیشن اور مہمان نوازی کو یکجا کیا گیا ہے، جبکہ طویل پروازوں کے دوران عملے کے آرام اور کام میں آسانی کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔ ایچ ایس وائی نے اس موقع پر کہا کہ قومی ایئرلائن کے لیے لباس تیار کرنا پاکستان کے اجتماعی فخر اور مہمان نوازی کی نمائندگی کرنے کے مترادف ہے۔
یہ اقدام پی آئی اے کی نجکاری کے بعد ایئرلائن کی شناخت کو جدید بنانے اور بین الاقوامی آپریشنز کو وسعت دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ جون 2026 میں عارف حبیب کی قیادت میں کنسورشیم کی کمپنی پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کو ایئرلائن کا انتظامی کنٹرول منتقل کیا گیا تھا۔